ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیا دہلی کے جہانگیرپوری کے بعد شاہین باغ اور اوکھلا میں بھی بلڈوز کے ذریعے توڑے جائیں گے مکانات ؟

کیا دہلی کے جہانگیرپوری کے بعد شاہین باغ اور اوکھلا میں بھی بلڈوز کے ذریعے توڑے جائیں گے مکانات ؟

Sun, 24 Apr 2022 11:01:09    S.O. News Service

نئی دہلی، 24؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) اُترپردیش میں غیر قانونی تعمیرات کے نام پر  بلڈوزوروں کے  ذریعے  بستیوں کو اُجاڑنے  کی کاروائیوں کے بعد اب ملک کی دوسری ریاستوں میں بھی  غیر قانونی تعمیرات کے نام پراُسی طرح کا  سلسلہ شروع کیا گیا ہے اب خبر اس بات کی موصول ہوئی ہے کہ دہلی کے  جہانگیر پوری کے بعد جنوبی دہلی کے اوکھلا اور شاہین باغ میں بھی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے نام پر بلڈوزروں کا استعمال  کئے جانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ میڈیا  میں آئی  خبروں  کے مطابق جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن  کی طرف سے  ا س کام کے لئے  مکمل بلیو پرنٹ تیار کیا جا رہا ہے اور  ان علاقوں کی فہرست تیار کی جا رہی ہے جہاں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات   ہیں۔

 ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں کارپوریشن حکام کو روہنگیا اور بنگلہ دیشی دراندازوں کے بارے میں بھی اطلاع ملی ہے جنہوں نے اوکھلا اور شاہین باغ سمیت چھ سے زیادہ علاقوں میں سڑکوں پر تجاوزات کر رکھی ہیں اور کباڑ کے کام کی آڑ میں سماج دشمن سرگرمیاں چلائی  جارہی ہیں۔کہا جاتا ہے کہ  دہلی میں شائد ہی کوئی علاقہ ایسا ہو جہاں غیر قانونی تعمیرات نہ ہوں لیکن  ایک مخصوص طبقہ  کی آبادی  والی بستیوں پر ہی اس طرح کی کاروائی کرنے سے  لوگوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ  شہریت ترمیمی قانون کے خلاف  احتجاج کی شروعات جنوبی دہلی کے اوکھلا سے ہوئی تھی اور بعد میں وہاں کے علاقہ شاہین باغ میں ہونے والا احتجاج عالمی میڈیا میں چھا گیا تھا ۔ شاہین باغ کا احتجاج خواتین نے چلایا  تھا اور وہاں کی دادیاں بہت مشہور ہوئی تھیں۔


Share: